مارن بھائیوں کو ہائیکورٹ سے رجوع ہونے کی اجازت واپس : سپریم کورٹ

نئی دہلی 6 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے ڈی ایم کے لیڈر دیاندھی مارن اور ان کے بھائی کلا نتھی کو ٹرائیل عدالت کی جانب سے انہیں ملزم کی حیثیت سے طلب کرنے کے معاملہ میں دہلی ہائیکورٹ سے رجوع ہونے کی ہدایت دینے کے چند گھنٹوں کے اندر سپریم کورٹ نے اپنے حکمنامہ کو واپس لے لیا ہے ۔ سی بی آئی نے عدالت کو مطلع کیا تھا کہ عدالت پہلے کہہ چکی ہے کہ 2G اسکام کے تمام مقدمات کی سماعت ایک اعلی عدالت کی جانب سے کی جانی چاہئے ۔ جسٹس وی گوپال گوڑا اور جسٹس آر بانومتی پر مشتمل ایک بنچ جب لنچ کیلئے اٹھنے والی تھی اس وقت اڈیشنل سالیسیٹر جنرل پنکی آنند نے واضح کیا کہ یہ معاملہ 2G اسکام سے متعلق ہے اور اس کی تحقیقات چیف جسٹس آف انڈیا کی قیادت والی بنچ کر رہی ہے ۔