ہاپکیڈو فیڈریشن انڈیا کا طلباء وطالبات کے لیے پروگرام
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ہاپکیڈو مارشل آرٹ جو ایک انسان کو خود کار حفاظتی اور دفاع کا اہم ذریعہ ہے اور ہاپکیڈو فیڈریشن انڈیا ہندوستان میں سال 1999 سے اسکولی طلباء وطالبات ، خواتین اور نوجوان لڑکے و لڑکیوں میں مختصر مدت میں حفاظت خود اختیاری اور بچاؤ کے فن میں مہارت پیدا کرتے ہوئے اپنے مد مقابل دشمن کو شکست فاش دینے کی صلاحیتوں کو ابھارنے میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظہر ہے اور ہاپکیڈو کی ملک بھر میں مختلف مقامات پر برانچس واقع ہیں جب کہ ریاست تلنگانہ میں بھی ہاپکیڈو اسوسی ایشن تلنگانہ کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ یہ بات آج یہاں صدر و فاونڈر ہاپکیڈو مسٹر ایم سردار شیخ ، صدر مسٹر محمد ظہیر الدین نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ہاپکیڈو آرٹ آف سیلف ڈیفنس کے انٹرنیشنل فاونڈر اور گرانڈ ماسٹر مسٹر سنگ سولی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر کراٹے کورسیس جو 3 تا 4 سال کے ہوا کرتے ہیں لیکن ہاپکیڈو سیلف ڈیفنس کورسیس جو 6 ماہ کے مختصر عرصہ میں اسٹوڈنٹس میں مکمل دفاع کی ماہرانہ صلاحیتیں مہیا کرتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دور حاضر میں خواتین پر بڑھتے ہوئے مظالم کے پیش نظر اسکولی طالبات نوجوان لڑکیوں اور خواتین میں اپنے آپ کو بچاؤ کے طریقے سیکھنے کی اشد ضرورت ہے ۔ اسی غرض سے ہاپکیڈو آرٹ آف سیلف ڈیفنس نے نوجوان لڑکیو ںاور خواتین کو 6 ماہ کے اندر دفاع کی ماہرانہ صلاحیتوں کو پیدا کرنے سے متعلق خصوصی تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسی طرح سے انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 4 سال سے ہاپکیڈو آرٹ آف سیلف ڈیفنس کورس کو تلنگانہ میں بھی چلایا جارہا ہے جس میں کئی اسکولی طلباء وطالبات تربیت پا رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ہاپکیڈؤ فیڈریشن انڈیا کی شاخ کا ریاست تلنگانہ میں بھی ہاپکیڈو اسوسی ایشن تلنگانہ کے نام سے قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اس کے تحت ہاپکیڈو ( سیلف ڈیفنس سمینار فار ویمنس ) کا بھی انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں واقع اذان انٹرنیشنل اسکول ، انسائیٹ انٹرنیشنل اسکول اور فوکس ہائی اسکول کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی ہاپکیڈو کے تربیتی کلاسیس چلائے جارہے ہیں اور اس کے مزید برانچس کے قیام کی جدوجہد جاری ہے ۔ اس موقع پر صدر و فاونڈر ہاپکیڈو فیڈریشن انڈیا مسٹر ایم سردار شیخ اور صدر ہاپکیڈو اسوسی ایشن تلنگانہ مسٹر ظہیر الدین نے ہاپکیڈو کے بروچر کا رسم اجراء انجام دیا ۔ قبل ازیں تربیت یافتہ طلباء وطالبات کا فنی مظاہرہ کیا گیا ۔۔