مادری زبان ذریعہ تعلیم : آر ایس ایس

رائے پور ۔ 24 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مادری زبان بہترین ذریعہ تعلیم ہے اس لئے پرائمری اسکول کی سطح پر مادری زبان میں ہی تعلیم دی جانی چاہئے ۔ آر ایس ایس سرسنچالک موہن بھاگوت نے کہا کہا ابتدائی سطح پر ذریعہ تعلیم نے مقامی زبانوں کو غیر ملکی زبان پر ترجیح دی جانی چاہئے۔اس سے حصول تعلیم آسان ہوجائے گا ۔ وہ ودیا بھارتی کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ دوسری زبانوں کی تعلیم دینے کے مخالف نہیں ہیں۔

 

دنیا کو دہشت گردی کا خطرہ ، ممالک کے مابین تعاون ضروری : سپریم کورٹ
نئی دہلی ۔ 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج کہا کہ ایک ایسے وقت جب ساری دنیا دہشت گردی کے خطرات کا سامنا کررہی ہے، مختلف ممالک کے مابین تعاون و رابطہ وقت کا اہم تقاضہ ہے۔ عدالت عظمیٰ نے 1991ء میں چلی کے ایک سینیٹر کی ہلاکت میں مبینہ رول کے سبب حوالگی کا سامنا کرنے والی ہندوستانی جیل میں قید فرانسیسی خاتون کو عبوری راحت کی فراہمی سے انکار کردیا۔ جسٹس ٹی ایس ٹھاکر اور جسٹس کورین جوزف پر مشتمل بنچ نے کہا کہ ’’آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں کیا ہورہا ہے۔ ایک ایسے وقت جب دنیا بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ مختلف ممالک میں تعاون و رابطے کی ضرورت ہے۔ 56سالہ میری ایمانیول ورہوون فی الحال تہاڑ جیل میں قید ہے۔