ماحولیات کے تحفظ میں طلباء آگے آئیں ، امریکی قونصل جنرل کا مشورہ

حیدرآباد ۔ 8 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میں امریکی قونصل جنرل مائیکل ملسن نے آج طلباء پر زور دیا کہ وہ ماحولیات کے تحفظ میں اہم رول ادا کریں ۔ انہوں نے نصر بوائز اسکول کے طلباء کو مبارکباد دی جنہوں نے ماحولیات کی تبدیلی کو روکنے کے لیے شجرکاری میں حصہ لیا ۔ ماحولیات کو بہتر بنانے کی کوشش سے نہ صرف ہم کو فائدہ ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی یہ زبردست حفظان صحت کا باعث ہوگا ۔ ون مہا اتسو کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل نے طلباء پر زور دیا کہ وہ ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے جذبہ کو جاری و ساری رکھیں ۔ شجرکاری کا مطلب ایک صحت مند معاشرہ قائم کرنا ہے ۔ اس موقع پر امریکی قونصل جنرل نے بھی شجرکاری میں حصہ لیا ۔۔