ویسٹا (مالٹا) ۔ 28نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) دولت مشترکہ نے چھوٹے اور غریب ممالک کو ضروری فنڈس تک رسائی کیلئے ماحولیاتی تبدیلی مرکز کے قیام سے اتفاق کرلیا ہے۔ یہ فیصلہ ہندوستان کے موقف کے مطابق ہے کیونکہ اُس نے گرین ہاوز گیسیس کے اخراج کو کم کرنے کیلئے ترقی پذیر ممالک کو خاطر خواہ مالیہ فراہم کرنے کامطالبہ کیا تھا۔ 53 ملکوں پر مشتمل دولت مشترکہ نے عالمی حدت کو محدود کرنے کے ایک پُرعزم مقصد پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پیرس میں شروع ہونے والے عالمی قائدین کے چوٹی اجتماع سے چند دن قبل یہ فیصلہ کیا ہے ۔ دولت مشترکہ کے سکریٹری جنرل کملیش شرما نے کہا کہ ماحولیاتی انتظام پر عائد ہونے والے قرض سے نمٹنے غریب ممالک کی مدد کیلئے نئے میکانزم کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جس کے ضابطوں کی تکمیل کا عمل ہنوز جاری ہے ۔ کملیش شرما نے کہاکہ کئی جزیرہ نما اور غریب ممالک ، گرین ہاوز گیسیس کے اخراج کو کم کرنے کیلئے مالی مدد کے حصول میں دشواری کا سامنا کررہے ہیں اور دولت مشترکہ کا ماحولیاتی مرکز انھیں فنڈس فراہم کرسکتا ہے ۔ دولت مشترکہ چوٹی کانفرنس میں آسٹریلیا کے وزیراعظم مالکم ٹرن بل ، سری لنکا کے صدر مائیتری پالا سری سینا ، برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون ، کنیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈی اور پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے بشمول 30 ممالک کے سربراہان حکومت نے شرکت کی ۔