ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات ناگزیر

پیرس ۔ 30 نومبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے ترقی یافتہ ممالک کو ایک سخت پیام دیتے ہوئے کہاکہ صرف چند کی طرز زندگی کے باعث ترقی پذیر ممالک کو مواقع سے محروم نہیں کیا جاسکتا ۔ انھوں نے کہاکہ کاربن کے اخراج کو کم کرنے کا بوجھ بھی ہندوستان جیسے ممالک پر عائد نہیں کیا جانا چاہئے ۔ نریندر مودی نے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلی ایک بڑا عالمی چیلنج بن چکی ہے اور عالمی حدت ہی کا یہ نتیجہ ہے کہ آج ہندوستان کواس کا نتیجہ بھگتنا پڑ رہا ہے اور صنعتی ترقی یافتہ ممالک کے اختیار کردہ طرز عمل کے باعث کسانوں کی زندگی خطرہ سے دوچار ہوگئی ہے ۔ موسمی تغیر نے بھی منفی اثرات مرتب کئے اور قدرتی آفات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ نریندر مودی نے کہاکہ ساری دنیا کو فوری اور ہنگامی طورپر اس مسئلے سے نمٹنا اور ایک جامع مساوات پر مبنی اور قابل قبول معاہدہ کو قطعیت دینا ہوگا ۔  انھوں نے اقوام متحدہ زیرہتمام ماحولیاتی تبدیلی پر ایک کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کو چاہئے کہ کاربن کے زہریلے دھویں میں نمایاں کمی کیلئے فی الفور اقدامات کریںجس کے لئے ہمارے طرز زندگی میں تبدیلی لائی جائے تاکہ کرہ ارض پر فضائی آلودگی کے بوجھ کو قابل لحاظ حد تک کم کیا جاسکے اور یہ تصور نہ کریں کہ طرز زندگی میں تبدیلی سے ترقی یافتہ ممالک مواقع سے محروم ہوجائیں گے ۔ نریندر مودی نے یہاں منفرد نوعیت کے ہندوستانی پویلین کا افتتاح کیا جس میں مضر صحت گیسوں پر قابو پانے کے ہندوستان کے عہد کو پیش کیا گیا ۔ انھوں نے کہاکہ اگرچیکہ ماحولیاتی تبدیلی ایک عالمی چیلنج بن گئی ہے لیکن ہم مسئلہ سے نمٹنے میں بے بس نظر آتے ہیں ۔ یہ نشاندہی کرتے ہوئے کہ مذکورہ کانفرنس کے نتائج انتہائی اہمیت کے حامل ہونگے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کو فی الفور متحدہ کوشش کرنی چاہئے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایک جامع ، مساویانہ اور پائیدار معاہدہ کیا جائے تاکہ انسانیت اور فطرت ( نیچر ) کے درمیان توازن برقرار رکھا جائے اور یہ محاسبہ کیا جائے کہ ہم نے کونسی وراثت کھودی ہے اور کیا چھوڑکر جارہے ہیں۔ وزیراعظم نے ماحولیاتی کانفرنس سے خطاب اور فینانشیل ٹائمز کے اوپنین سیکشن میں تحریر کردہ ایک مضمون میں طرز زندگی میں تبدیلی کی ضرورت کو اُجاگر کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نریندر مودی نے ترقی یافتہ ممالک کو خبردار کیا کہ ہندوستان جیسے ترقی پذیر ممالک پر اپنے فضائی آلودگی کا بوجھ منتقل کرنے کی کوشش اخلاقی طورپر غلط تصور کی جائیگی اور یہ ادعا کیا کہ غریب ممالک کو یہ اختیار ہے کہ اپنی معیشت کو ترقی دینے کیلئے کاربن تلف کرسکتے ہیں ۔ وزیراعظم نے آج فینانشیل ٹائمز کے اوپنین سیکشن میں یہ تحریر کیا کہ چند ممالک کے مفاد کی خاطر اکثریتی ممالک کی حق تلفی نہیں کی جاسکتی ۔ انھوں نے کہاکہ ہندوستان کی ترقی ہمارا حق ہے اور ہماری منزل مقصود ہے ۔ دوسری طرف ہم ، ماحولیاتی تبدیلی کے خطرہ کا مقابلہ کرنے میں پیش پیش ہیں۔ ہندوستانی پویلین کی افتتاحی تقریب میں وزیر ماحولیات پرکاش جاوڈکر بھی موجود تھے ۔