بنکاک ،9جولائی (سیاست ڈاٹ کام) غیر مصدقہ ذرائع سے ملنے والی خبروں کے مطابق بچاؤ کاری عملہ نے غار کے اندر پھنسے ہوئے بقیہ چھ بچوں اور ان کے کوچ کو نکالنے کا کام دوبارہ شروع کر دیا ہے ۔وہاں پر موجود بی بی سی کے عملے نے جائے وقوعہ پر کئی ایمبولینسوں کو غار کے پاس جاتے ہوئے دیکھا ۔واضح رہے کہ بچوں کو غار سے نکالنے کا عمل کافی طویل اور پیچیدہ ہے جس کے لیے غوطہ خوروں کو پانچ گھنٹے غار کے اندر سفر کرنا پڑتا ہے جب کہیں جا کر وہ اس مقام پر پہنچتے ہیں جہاں بچے موجود ہیں اور انھیں ایک ایک کر کے واپس لایا جاتا ہے ۔اتوار کے روز کی جانے والی امدادی کارروائی میں چھ بچوں کو غار سے باہر نکالا گیا تھا جو اب ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں اور بی بی سی کو بتایا گیا ہے کہ دو ہفتے سخت مشکل میں گزارنے کے باوجود وہ پست ہمت نہیں ہوئے۔ خیال رہے کہ پہلے یہ کہا گیا تھا کہ بچوں کو وہاں سے نکلنے میں مہینوں لگ سکتے ہیں یا پھر انھیں جلدی نکالنے کے لیے غوطہ خوری سکھانی ہوگی۔