مائیک پومپیو کا 4 ایشیائی ممالک کا دورہ

واشنگٹن۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو آئندہ ہفتہ شمالی کوریا کے دورہ پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ کم جونگ ان سے ملاقات کریں گے۔ ان کے ترجمان کے مطابق مائیک پومپیو 6 اکتوبر تا 8 اکتوبر چار ایشیائی ممالک کا دورہ کریں گے جن میں جاپان، جنوبی کوریا اور چین کا دورہ بھی شامل ہے۔ 6 اور 7 اکتوبر کو ٹوکیو میں پومپیو وزیراعظم جاپان شینزو ابے اور وزیر خارجہ تاروکونو سے ملاقات کریں گے۔ شمالی کوریا میں ہی 7 اکتوبر کو موصوف کم جونگ اُن سے ملاقات کریں گے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ نے نیوز کانفرنس کے دوران اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی۔ 7 اور 8 اکتوبر کو پومپیو صدر جنوبی کوریا مون جے اِن اور وزیرخارجہ کانگ ۔ کیونگ ۔ وہا سے ملاقات کریں گے جبکہ 8 اکتوبر کو ہی ان کا اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کا پروگرام ہے جہاں وہ تمام قائدین سے دو رُخی تعلقات، علاقائی اور عالمی صورت حال پر بات چیت کریں گے۔