مائنمار کے شہریوں کو بلاقیمت ویزا کی اجرائی

ہندوستان کی مختلف جیلوں میں قید 40 شہریوں کی رہائی : مودی
نئے پئی تاو ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اعلان کیا کہ ہندوستان کا دورہ کرنے کے خواہشمند مائنمار کے شہریوں کو گرائیس (بلاقیمت) ویزا جاری کیا جائے گا۔ مائنمار کی اسٹیٹ کونسل آنگ سان سوچی سے مختلف امور اور باہمی مسائل پر وسیع تر مذاکرات کے بعد جاری اپنے مشترکہ بیان میں وزیراعظم مودی نے یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ اعلان کرتے ہوئے مجھے خوشی ہورہی ہیکہ ہم نے ہندوستان کے سفر کے خواہشمند مائنمار کے تمام شہریوں کو بلاقیمت ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کیا‘‘۔ مودی نے ہندوستان کی مختلف جیلوں میں قید مائنمار کے 40 شہریوں کو رہا کرنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ’’ہمیں امید ہیکہ مائنمار کے یہ شہری بہت جلد اپنے ارکان خاندان سے ملاقات کریں گے‘‘۔