ماؤسٹوں نے ریلوے پٹریاں دھماکے سے اڑادیں

بوکارو (جھارکھنڈ) ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بوکارو ڈسٹرکٹ میں ماؤسٹوں نے ریلوے پٹریوں کو دھماکہ سے اڑا دیا جس کی وجہ سے ٹرین خدمات متاثر ہوئیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ جتندر کمار سنگھ نے بتایا کہ ماؤسٹوں نے بوکارو کے دانیا ریلوے اسٹیشن اور بہار کے جاگیشور اسٹیشن کے درمیان واقع ریلوے پٹریوں کو دھماکہ سے اڑا دیا جس کی وجہ سے ٹرین خدمات متاثر ہوئیں اور متعدد مسافر گاڑیوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ بوکارو گریڈیہہ لوک سبھا حلقہ کے تحت ہے جہاں اس وقت رائے دہی کا سلسلہ جاری ہے لیکن دھماکے کے اس واقعہ سے رائے دہی کے عمل پر کوئی اثر نہیں ہوا اور ووٹرس نے بدستور اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔

اڈیشہ سے دھماکو اشیاء برآمد
بھوبنیشور ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اڈیشہ کے کیونجھار ضلع میں جہاں انتخابات منعقد شدنی ہیں، سیکوریٹی فورسیس نے ڈیٹونیٹرس اور دیگر دھماکو اشیاء کی ایک بڑی کھیپ ضبط کرلی۔ دریں اثناء ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ 10 ڈیٹونیٹرس اور 11 جلیٹن اسٹکس ماؤسٹوں کے ایک خفیہ ٹھکانے سے ضبط کئے گئے جس کے بعد ماؤسٹوں کی تلاش میں شدت پیدا کردی گئی ۔