لینگویج پنڈت داخلوں میں تاخیر پر ہائی کورٹ کی برہمی

حیدرآباد 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں لینگویج پنڈت تلگو، اُردو، ہندی شعبہ جات میں داخلوں کے ایل پی سیٹ کونسلنگ کرنے میں متعلقہ عہدیداران محکمہ تعلیمات کی مبینہ غفلت و لاپرواہی برتنے کے واقعہ پر حیدرآباد ہائیکورٹ نے اپنی سخت برہمی کا اظہار کیا۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ لینگویج پنڈت کامن انٹرنس ٹسٹ کے نتائج کا اعلان کئے ہوئے 100 یوم مکمل ہوچکے ہیں لیکن داخلوں کے عمل کو مکمل کرنے کے لئے ابھی تک کونسلنگ کا انعقاد نہیں کیا گیا۔ کونسلنگ میں کی جارہی تاخیر کی ہائیکورٹ نے وجہ دریافت کی اور طلباء کو ہائیکورٹ کے چکر کٹوانے پر اپنی خفگی و ناراضگی کا بھی ہائیکورٹ نے اظہار کیا اور آئندہ چار ہفتوں میں کونسلنگ کا عمل مکمل کرکے داخلوں کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔