لینڈ پولنگ اسکیم کیلئے اراضی مالکین کی آمادگی مطلوب

حیدرآباد میٹرو پولیٹین ریجن میں ترقیاتی کاموں کا منصوبہ ، ایچ ایم ڈی اے کمشنر چرنجیولو
حیدرآباد ۔ /28 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے حیدرآباد میٹرو پولیٹین ریجن میں لینڈ پولنگ اسکیم ، ایریا ڈیولپمنٹ پلانس اور ڈیولپمنٹ اسکیمس میں حصہ لینے کیلئے اراضی مالکین سے دلچسپی کا اظہار طلب کیا ہے ۔ ایچ ایم ڈی اے کمشنر چرنجیولو کے بموجب حکومت کی پالیسی کے مطابق لینڈپولنگ اسکیمس کو ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے تمام ڈیولپمنٹ ورکس کے ساتھ بڑے پیمانہ پر شروع کیا جائے گا اور اسکیم کے ڈیولپیبل ایریا کی شیرنگ اراضی مالک اور ایچ ایم ڈی اے کے درمیان ایک ٹھیک تناسب میں ہوگی ۔ اراضی مالکین کو ان کی زمین کے لحاظ سے ری کانسٹی ٹیوٹیڈ لینڈس دیئے جائیں گے ۔ جس کے ہر پلاٹ کیلئے کم از کم 30 فٹ چوڑی سڑک اور دیگر سہولتیں ہوں گی ۔ تاہم اس اسکیم کیلئے اراضی کم از کم 50 ایکر ہونا چاہئیے اور کلینر ٹائیٹل ہونا چاہئیے ۔ نزاعی اراضیات اور عدالتوں میں زیرالتواء مقدمات کی اراضیات کو لینڈ پولنگ اسکیم میں نہیں لیا جائے گا ۔ ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے اس کے ریجن میں لینڈ پولنگ اور دیگر اسکیمات کے ذریعہ مابقی ڈیولپمنٹ کو بڑے پیمانے پر انجام دینے کا منصوبہ ہے ۔ کمشنر مسٹر چرنجیولو نے کہا کہ اراضی مالکین کی آمادگی موصول ہونے پر ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے قواعد کے مطابق اس اسکیم کے کام شروع کئے جائیں گے ۔