لیفٹننٹ جنرل دلبیر سنگھ اگلے فوجی سربراہ

نئی دہلی ۔ 13 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام)لیفٹننٹ جنرل دلبیر سنگھ سوہگ جو ویٹرن انفنٹری آفیسر ہیں، اگلے فوجی سربراہ ہوں گے اور جنرل بکرم سنگھ کے جانشین بنیں گے جیسا کہ حکومت نے آج بی جے پی کے احتجاجوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس اعلیٰ عہدہ کیلئے انہیں مقرر کردیا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ کابینہ کی تقررہ کمیٹی نے وزیراعظم منموہن سنگھ کی سربراہی میں وزارت دفاع کی یہ سفارش منظور کرلی ، جبکہ اسے ایک روز قبل وصول ہوئی تھی۔ ذرائع کے مطابق اس تقرر سے متعلق باقاعدہ اعلان ایک دو روز میں کئے جانے کی توقع ہے۔

59 سالہ لیفٹننٹ جنرل دلبیر جو گرکھا آفیسر کی حیثیت سے 1987 ء میں سری لنکا میں ہندوستانی امن بردار فورس میں حصہ لیا تھا ، وہ موجودہ طور پر آرمی اسٹاف کے وائیس چیف اور لیفٹننٹ جنرلس نے سینئر ترین عہدیدار ہیں۔ جب وہ جنرل بکرم سنگھ سے جو 31 جولائی کو سبکدوش ہورہے ہیں ، جائزہ لیں گے تو 12 لاکھ نفوس کی طاقت والی فورس کے 26 ویں سربراہ کی حیثیت سے انہیں 30 ماہ کی میعاد ملے گی۔دلبیر سنگھ کو گزشتہ سال ڈسمبر میں وائس چیف آف آرمی اسٹاف بنایا گیا تھا۔ قبل ازیں انہوں نے 16 جون 2012 ء کو بطور ایسٹرن آرمی کمانڈر جائزہ لیا تھا۔

مظفر نگر : ایس آئی ٹی انکوائری شروع
مظفر نگر ۔ 13 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) مظفر نگر فسادات کی تحقیقات کرنے والی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی ) نے 10 لاپتہ افراد کے معاملوں کی انکوائری شروع کردی ہے، جن کے بارے میں یہ سمجھ لیا گیا کہ وہ یہاں کے موضع لیسادھ میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس گاؤں سے لاپتہ 13 افراد میں سے ابھی تک 3 کی نعشیں برآمد کی گئی ہے۔ بقیہ لوگوں کے ارکان خاندان نے مقدمہ درج کرائے۔