لیبیا میں راکٹ حملہ سے ہندوستانی نرس ہلاک

نئی دہلی ؍ کوچی 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا کی ایک نرس اور ان کا دیڑھ سالہ لڑکا خانہ جنگی سے متاثرہ لیبیا کے شہر زاویہ میں راکٹ حملہ سے ہلاک ہوگئے۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج بتایا کہ سونو سیٹھاں اور ان کا لڑکا پرنوا کل شام زاویہ شہر میں ایک اپارٹمنٹ پر راکٹ حملہ میں ہلاک ہوگئے۔ یہ شہر لیبیا کے دارالحکومت تریپولی سے 45 کیلو میٹر دور واقع ہے۔ انھوں نے بتایا کہ فی الحال مہلوک نرس کے شوہر ویپن کمار سے ربط قائم نہیں ہوسکا جبکہ زاویہ کے ہاسپٹل میں مزید 26 ہندوستانی برسر خدمت ہیں۔ راکٹ حملہ کے وقت سونو اور ان کا لڑکا اپنے مکان میں محو خواب تھے۔