واشنگٹن۔ 4 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی فوج کے افریقا میں کمانڈر جنرل ڈیوڈ روڈیگیز نے انکشاف کیا ہے کہ شام اور عراق میں سرگرم دولت اسلامی المعروف داعش نے مشرقی لیبیا میں اپنے تربیتی مرکز قائم کر لئے ہیں۔ جنرل ڈیوڈ نے کہا اگرچہ ان کیمپوں کی زیادہ اہمیت نہیں ہے، تاہم اس کے باوجود امریکی فوج ان پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل ڈیوڈ روڈیگیز نے کہا کہ داعش نے لیبیا میں اپنے تربیتی کیمپ قائم کر رکھے ہیں جہاں تقریباً 200 مسلح جنگجو زیر تربیت ہیں۔یاد رہے کہ متعدد مغربی ممالک ماضی میں اس بارے میں خبردار کر چکے تھے کہ لیبیا کے اندر سکیورٹی کی مخدوش صورتحال اور طوائف الملکوکی سے انتہا پسند فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ جنرل ڈیوڈ نے لیبیا میں داعش کے مشتبہ تربیتی مراکز کے خلاف کسی فوجی کارروائی کے امکان کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔