لیبیا میں حملوں کی مذمت : اقوام متحدہ

تریپولی،11دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا میں واقع اقوام متحدہ تعاون مشن (یواین ایس آئی ایم آئی ایل) نے جنوبی لیبیا میں مسلسل ہورہے حملوں کی سخت مذمت کی ہے ۔مشن نے پیر کو یہاں جاری بیان میں کہا،‘‘یواین ایس آئی ایم آئی ایل،لیبیا میں خصوصاً ملک کے جنوبی شہروں اور اداروں کے خلاف جاری حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے اور لیبیا کے افسران سے اس علاقے میں پیدا انتشار کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کرنے کی اپیل کرتا ہے ۔’’بیان میں کہا گیا ہے کہ پھوگھا شہر میں انتہا پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ(آئی ایس)نے گزشتہ 28اکتوبر کو حملہ کرکے چھ لوگوں کو یرغمال بنالیا اور بعد میں انہیں قتل کردیا۔اس طرح کے واقعات بین الاقوامی انسانی قانون کی شدید خلاف ورزی ہیں اور جنگی جرائم کے دائرے میں آتے ہیں ۔مقامی افسران کے مطابق آئی ایس کے انتہاپسند وں نے دارالحکومت تریپولی سے 650 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع پھوگھا شہر سے قریب دو ماہ پہلے چھ لوگوں کو اغوا کرنے کے بعد حال ہی میں انہیں قتل کردیا۔آئی ایس نے حملے کی ذمہ داری لیتے ہوئے کئی فوجیوں کو اپنے قبضے میں لینے اور ان کے گھروں کوآگ کے حوالے کرنے کا دعوی کیا تھا۔