حیدرآباد ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ لگڑا پاٹی راجگوپال نے کہا کہ سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نئی سیاسی پارٹی تشکیل دیتے ہیں تو وہ اخلاقی طور پر ان کی تائید کریںگے۔ وہ سیاست سے سنیاس لینے کے فیصلے پر اٹل ہیں۔ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد پہلی مرتبہ وجئے واڑہ پہنچنے والے لگڑا پاٹی راجگوپال نے کہا کہ ریاست کی تقسیم سے چیف منسٹر صدمہ کا شکار ہیں اور نئی پارٹی تشکیل دینے کیلئے مشاورت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے فیصلے پر اٹل ہیں۔ ضرورت پڑنے پر نئی پارٹی کی تشکیل کیلئے کرن کمار ریڈی کو اخلاقی طور پر تعاون کرنے کیلئے تیار رہیں گے۔
نوجوان نسل کو سیاست میں حصہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی پر بھروسہ کرتے ہوئے لاکھوں عوام نے متحدہ آندھرا کی تائید میں حصہ لیا ہے۔ انہوں نے متحدہ آندھرا کی تائید میں ان کا ساتھ دینے والے عوام سے اظہارتشکر کیا۔ متحدہ آندھرا میں ہی سماج کے تمام طبقات کی ترقی ہونے کا دعویٰ کیا۔
لگڑا پاٹی راج گوپال نے کہا کہ عوامی خدمات انجام دینے کیلئے سیاست کے سہارے کی ضرورت نہیں ہے۔ سیاست میں نہ ہونے کے باوجود عوامی خدمات انجام دینے کا اعلان کیا اور تلگو عوام کے اتحاد کیلئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور نوجوانوں کو بڑھ چڑھ کر سیاست میں حصہ لینے کا مشورہ دیا۔