اسلام آباد ۔ 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے پاکستانی شہری ذکی الرحمن لکھوی کی عدالت سے ضمانت پر رہائی کے فیصلے کے خلاف اقوام متحدہ سے مداخلت کی تحریری درخواست کردی ہے۔ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مندوب اشوک کمار مکھر جی نے پابندیوں سے متعلق اقوام متحدہ کی ایک کمیٹی کے سربراہ کو مکتوب تحریر کیا ہے جس میں ذکی الرحمن لکھوی کی ضمانت کو اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 1267کی خلاف ورزی قرار دینے اور اس صورتحال میں مداخلت کی اپیل کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ 2008میں ممبئی حملوں کی ذمہ داری کا الزام ہندوستان پاکستان پر عائد کرتا چلا آرہا ہے اور ذکی الرحمن لکھوی کو ممبئی حملوں کا ماسٹر مائنڈ قرار دیتا ہے۔ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مندوب اشو ک مکھر جی نے اقوام متحدہ کو لکھے جانے والے مکتوب میں متعلقہ کمیٹی سے لکھوی کی رہائی کے معاملے کو پاکستان سے اٹھانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔