واشنگٹن ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انتہاء پسند گروپس پر قابو پانے سے قاصر رہنے پر پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے ایک بارسوخ امریکی رکن سنیٹ نے خواہش کی کہ ممبئی حملہ کے کلیدی سازشی ذکی الرحمن لکھوی کو بین الاقوامی فوجداری عدالت کے یا ہندوستان کے سپرد کیا جائے تاکہ اس پر انسانیت سوز جرائم کے سلسلہ میں مقدمہ دائر کیا جائے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی طاقتور خارجہ تعلقات کمیٹی کے صدرنشین ایڈ بائس نے یہ بھی کہا کہ خلیجی ممالک میں بعض خاندان 600 دیوبندی مدرسوں کو جو پاکستان میں قائم ہیں، مالیہ فراہم کررہے ہیں۔ یہ ایک انتہائی تشویشناک بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اس علاقہ کو درپیش ایک بڑا خطرہ ہے۔ بائس نے آئی ایس آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیویلین حکومت کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، اس کے بعد پاکستانی محکمہ سراغ رسانی کو ان سرگرمیوں سے باز آجانے کیلئے کہا جاسکتا ہے جن میں وہ مصروف ہے۔