لکھوی مسئلہ پر اقوام متحدہ کے تیقن کا خیرمقدم :ہندوستان

نئی دہلی۔3مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تیقن کا خیرمقدم کیا کہ ممبئی دہشت گرد حملے کے کلیدی سازشی لکھوی کی رہائی کے مسئلہ پر آئندہ اجلاس میں پاکستان سے اس معاملہ میں ’’خلوص نیت‘‘ کا ثبوت طلب کیا جائے گا ۔ اگر پاکستان کی کوئی بھی کارروائی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہو تو اس کی مذمت کی جائے گی ۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہندوستان پاکستان سے اپنی ناراضی ظاہر کرچکا ہے۔

نیپال کو راحت رسانی اشیاء اعظم خان نے روانہ کیں
رامپور۔3مئی ( سیاست ڈاٹ کام) یو پی کے ریاستی وزیر اعظم خان نے آج نیپال کے زلزلہ متاثرہ افراد کے لئے راحت رسانی اشیاء کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا ۔ یونیورسٹی کے احاطہ سے چار لاری جن میں چار ہزار بلانکٹس ‘ تین ہزار خیمے ‘ خشک غذائی اجناس اور پانی کی بوتلیں تھیں نیپال روانہ کی گئی ہیں ۔ یو پی کے کابینی وزیر نے جھنڈی دکھاکر اس قافلہ کو روانہ کیا ۔ صدرنشین اراضی ترقیاتی بینک ملک ویریندر گوئل نے کہا کہ بینک میں راحت رسانی اشیاء کی زلزلہ متاثرین میں تقسیم کی ذمہ داری لی ہے ‘ اعظم خان نے سخت ہدایت دی ہے کہ راحت رسانی اشیاء جمع کر کے نہ رکھی جائیں۔