لکھنو میں پرتشدد احتجاج کے دوران 16 پولیس ملازمین زخمی

لکھنو ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : فزیکل ایجوکیشن ڈگری ہولڈرس نے آج پرائمری اور سکنڈری اسکولوں میں سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے مطالبہ پر پرتشدد احتجاج کرتے ہوئے پولیس کے ساتھ متصادم ہوگئے ۔ احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج اور آبی توپوں کا استعمال کیا ۔ اس جھڑپ میں 16 پولیس ملازمین اور دیگر افراد زخمی ہوگئے ۔ ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے بتایا کہ BP-ED سنگھرش کمیٹی سے وابستہ کارکن اچانک تشدد پر اتر آئے اور سنگباری شروع کردی ۔ جس کی زد میں آکر 16 پولیس ملازمین زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے احتجاجیوں پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے شیل اور آبی توپوں کا استعمال کیا ۔ جس پر احتجاجی مشتعل ہو کر اسمبلی کے باہر کئی ایک خانگی گاڑیوں اور سرکاری کاروں کو آگ لگادی ۔ اس واقعہ میں بعض جرنلسٹ بھی زخمی ہوگئے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے بتایا کہ تقریبا 30 افراد کو حراست میں لے لیا گیا اور تشدد میں ملوث پائے جانے پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔ یہ احتجاجی فزیکل ایجوکیشن میں ڈگری یافتہ ہیں اور سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کا مطالبہ کررہے ہیں ۔دریں اثناء مورچہ کے جنرل سکریٹری آکاش گپتا نے یہ ادعا کیا کہ پولیس کارروائی میں 50احتجاجی بھی زخمی ہوئے ہیں جس میں 3زخمیوں کو ہاسپٹل میں شریک کروادیا گیا ہے باقیماندہ افراد کو ابتدائی مرہم پٹی کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں تقریباً 10,000 بی ایڈ ڈگری ہولڈرس ،46,000 جائیدادوں پر تقررات کے مطالبہ پر آج پرامن مظاہرہ کررہے تھے لیکن پولیس نے بیجا کارروائی کرتے ہوئے 100خواتین کو بے رحمی سے مار پیٹ کی۔