مسلکی اختلافات دور کرنے S2Sکی کوشش، تائید میں فتویٰ
لکھنؤ ۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مسلمانوں میں انتشار اور مسلکی اختلافات کو دور کرنے کی ایک کوشش کے طور پر اترپردیش میں شیعہ اور سنی مسلمان نماز عیدالاضحی مل کر ادا کریں گے۔ امن و اتحاد کے مقصد سے عوامی تحریک شولڈر ٹو شولڈر (S2S) (کندھے سے کندھا ملا کر چلنے) میں مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیتیں سرگرم ہیں۔ اس تحریک نے 25 ستمبر جمعہ کو شیعہ سنی نماز عیدالاضحی کا اہتمام کیا ہے۔ سبستین آباد امام باڑہ، حضرت گنج میں 8 بجے صبح نماز ادا کی جائے گی اور اہلسنت کے امام نماز عید کی امامت کریں گے۔ اس ضمن میں S2S نے واضح کیا ہیکہ ایرانی رہنما آیت اللہ حسینی علی خامنہ ای اور آل سید علی ال سستانی نے شیعہ ۔ سنی مشترکہ نماز پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ مولانا آل سید علی ال سستانی کے دفتر سے جاری کردہ فتویٰ کے مطابق مسلم اتحاد کی برقراری کیلئے شیعہ سنی کو مل کر نماز عید ادا کرنے کی اجازت ہے۔ S2S ارکان کے وفد نے ممتاز شیعہ علماء مولانا کلب جواد، مولانا خالد رشید، مولانا کلب صادق اور مولانا محمد اطہر سے بھی ملاقات کی، جنہوں نے اس مہم کی نہ صرف سراہنا کی بلکہ اس کاز کی تائید بھی کی ہے۔ S2S نے کہا کہ لکھنؤ کا اس لئے انتخاب کیا گیا کیونکہ ماضی میں یہاں مسلکی تشدد کے کئی واقعات پیش آئے ہیں۔ اس کے علاوہ شیعہ سنی مشترکہ نماز کے بارے میں شبہات دور کرنے کیلئے عراق و ایران کی سرکردہ مذہبی شخصیتوں سے ربط قائم کرتے ہوئے رضامندی حاصل کی گئی ہے۔