نئی دہلی ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے آج لڑکیوں میں تعلیم کو فروغ دینے اور دیہی علاقوں میں تبدیلی لانے کے لیے ان کی وزارت کے مختلف پروگرامس میں DRDO خاتون سائنسدانوں کی شراکت داری میں اضافہ کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے اور بتایا کہ چونکہ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن ( ڈی آر ڈی او ) میں جملہ ورک فورس میں 20 فیصد خاتون سائنسداں ہیں ۔ لہذا وہ ، لڑکیوں کی تعلیمی ترقی میں حوصلہ افزائی کرسکتے ہیں ۔ جب کہ یہ لڑکیاں اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے مواقع کی تلاش میں ہیں ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ دبے کچلے طبقات کی لڑکیوں کو مسابقتی امتحانات IITS اور IIMS میں شاندار کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے وزارت فروغ انسانی وسائل سے اڑان مہم شروع کی ہے اور اس مقصد کے لیے DRDO کے روشن خیال افراد ان لڑکیوں سے تبادلہ خیال کریں جو کہ آسمان کی بلندیوں کو چھونے کی تمنا رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اڑان مہم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ باوقار تعلیمی اداروں میں لڑکیوں کی تعداد کو بڑھایا جائے اور مستقبل میں قائدانہ رول ادا کرنے کے قابل بنایا جائے ۔ بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر شعبہ سائنس اور ٹکنالوجی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خاتون سائنسدانوں کے لیے منعقدہ قومی ورک شاپ سے مخاطب کرتے ہوئے سمرتی ایرانی نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اہم تحقیقاتی اداروں سے وابستہ خاتون سائنسداں اونت بھارت ابھیان مشن کی کامیابی میں اعانت کرسکتی ہیں اور دیہی علاقوں میں خواتین کو درپیش مسائل کی یکسوئی کرسکتی ہیں ۔ یہ پروگرام ملک بھر میں گذشتہ سال انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اور نیشنل انسٹی ٹیوشن آف ٹکنالوجی کی رہنمائی میں شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد دیہی ہندوستان میں ٹکنالوجی کے ذریعہ تبدیلی لائی جائے ۔