لوک پال سرچ کمیٹی پیانل تشکیل دینے کی ضرورت ہی نہیں تھی: تھامس

نئی دہلی۔ 4 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام)جسٹس کے ٹی تھامس جنھوں نے لوک پال سرچ کمیٹی پیانل کے سربراہ کی حیثیت سے پیر کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا تھا ، نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے عہدہ سے اس لئے دستبردار ہوگئے کیونکہ جب انھوں نے پیانل میں اپنے رول کا بغور مطالعہ کیا تو انھیں یہ محسوس ہوا کہ مزید کسی پیانل کی تشکیل کی چنداں ضرورت نہیں تھی ۔ انھوں نے کہاکہ لوک پال سرچ کمیٹی سلیکٹ کمیٹی کا تعاون کرنے کیلئے تشکیل دی گئی تھی اور سرچ کمیٹی کو صرف یہی اختیار تھا کہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ فہرست میں سے ہی کسی کا انتخاب کرے ۔

میں نے جب اپنے رول کا بغور مطالعہ کیا تو اسے غیرضروری سمجھا ۔ اسی لئے استعفیٰ پیش کردیا۔ اُن کی سمجھ میں یہ نہیں آیا کہ آخر عوامی فنڈس کے مصارف سے دوسری کمیٹی تشکیل دینے کی کیا ضرورت تھی ؟ یاد رہے کہ معروف جیورسٹ فالی نریمان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس کے ٹی تھامس نے لوک پال سرچ کمیٹی پیانل کے سربراہ کی حیثیت سے پیر کے روز استعفیٰ دیدیا تھا۔ وزیراعظم کے دفتر کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے مسٹر تھامس نے کہا کہ انھیں یہ اطلاع دیتے ہوئے بیحد افسوس ہورہا ہے کہ وہ سرچ کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے اپنی خدمات فراہم نہیں کرسکتے اور عہدہ سے دستبردار ہورہے ہیں۔ اس فیصلہ سے اگر کوئی تکنیکی مشکلات پیش آتی ہوں تو اس کیلئے میں معذرت خواہ ہوں۔

نکسلائیٹس کے دو ٹھکانوں پر دھاوے
راج نند گاؤں ۔ 4 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام )چھتیس گڑھ کے ضلع راج نند گاؤں میں پولیس نے ماوسٹوں کے ایک ٹھکانے پر دھاوا کرتے ہوئے 29 لاکھ روپئے نقد اور اسلحہ و گولہ بارود کابڑا ذخیرہ ضبط کرلیا ۔ پولیس نے بتایاکہ اسلحہ و گولہ باردو کے علاوہ الیکٹرانک آلات کا بھی بڑا ذخیرہ وہاں سے ضبط کیا گیا ۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس ( درگ رینج ) پردیپ گپتا نے کہاکہ سکیورٹی افواج کے ایک مشترکہ دستے نے ستیا گاؤں اور اوندھی پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں نکسلایٹ کے دو ٹھکانوں پر دھاوے کئے ۔