لوک سبھا کے بجائے اسمبلی سے مقابلہ کی اطلاعات کی تردید: نرسیا گوڑ

حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر نرسیا گوڑ نے ان اطلاعات کی تردید کی کہ آئندہ عام انتخابات میں وہ بھونگیر لوک سبھا حلقہ کے بجائے کسی اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کریں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بعض اخبارات میں شائع شدہ خبروں کی نرسیا گوڑ نے مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ بعض اخبارات میں اس طرح کی خبریں شائع کی ہیں کہ نرسیا گوڑ نے چند اسمبلی حلقوں کی نشاندہی کی ہے اور بی فارم جاری کردیا گیا ۔ رکن پارلیمنٹ نے اس طرح کی خبروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ بھونگیر لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کریں گے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ میڈیا کی قیاس آرائیوں پر بھروسہ نہ کریں۔ گزشتہ ساڑھے چار برسوں میں حلقہ کے عوام کی خدمت کیلئے کئی قدم اٹھائے ۔ بھونگیر حلقہ میں ایمس کے قیام کی منظوری حاصل کی جو اہم کامیابی ہے۔ تلنگانہ میں پہلا کیندریا ودیالیہ بھونگیر میں قائم کیا گیا ۔ چار سو کروڑ روپئے کے مصارف سے ایم ایم ٹی ایس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ۔ بھونگیر تا بھدراچلم قومی شاہراہ کی تعمیری منظوری حاصل کی گئی ۔ نرسیا گوڑ نے کہا کہ کون کس حلقہ سے مقابلہ کرے گا اس کا فیصلہ پارٹی کے صدر کے سی آر کریں گے ۔ کانگریس پارٹی کی طرح پیروی ، لالچ، کارکنوں کی جانب سے دھمکیاں جیسے کام ٹی آر ایس پارٹی میں نہیں ہوتے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں ان کے مقابلہ سے متعلق خبروں پر بھروسہ نہ کریں۔