حیدرآباد۔24 مئی (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے لوک سبھا انتخابات میں 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے کانگریس امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت کو تلنگانہ عوام نے نتائج کے ذریعہ سبق سکھایا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے تلنگانہ عوام سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے کانگریس کے امیدواروں کے حق میں ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے کانگریس سے اپنی دیرینہ وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ غیر جمہوری اور غیر دستوری انداز میں کے سی آر کی حکمرانی اور خاندانی حکمرانی کا عوام نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔ تلنگانہ میں خاندانی حکمرانی کی مخالفت کرتے ہوئے عوام نے نہ صرف کے سی آر کی دختر کویتا بلکہ ان کے رشتہ دار ونود کمار، ریاستی وزیر سرینواس یادو کے فرزند اور ریاستی وزیر ملا ریڈی کے داماد کو شکست سے دوچار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہوچکے ہیں اور وہ خاندانی حکمرانی کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔ کانگریس پارٹی عوام کے فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے اور آنے والے دنوں میں عوامی مسائل پر جدوجہد جاری رہے گی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کے سی آر نے جس طرح غیر جمہوری انداز میں کانگریس ارکان اسمبلی کا ٹی آر ایس میں انحراف کرایا ہے اس سے عوام سخت نالاں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عوام نے نہ صرف ٹی آر ایس امیدوار بلکہ کے سی آر کی دختر کو شکست سے دوچار کردیا۔