امیدوار خواجہ معین الدین نے عوامی خدمت کی خاطر سرکاری ملازمت کو ٹھوکر ماردی
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( راست ) : ہندوستان ایک سیکولر اور آزاد ملک ہے اس کے باوجود بعض سیاسی جماعتیں سماج میں فرقہ پرستی کا زہر گھول رہی ہیں ۔ پیشرو حکومتیں اور حکمراں سیاسی جماعتیں عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ۔ ان حالات میں ایک نئی سیاسی جماعت آل انڈیا آزاد کانگریس پارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ اس کا اہم مقصد کمزور طبقات کے ساتھ انصاف اور حقوق انسانی کا تحفظ کرنا ہے ۔ ملک بھر میں ہر طرف اور بالخصوص پرانے شہر حیدرآباد میں عوام بنیادی سطح کے مسائل سے دوچار ہیں ۔ پرانے شہر کا تو یہ حال ہوچکا ہے کہ یہاں سود خوروں کا راج ہے ۔ پرانے شہر میں عوام کی اکثریت تبدیلی اور موجودہ موقع پرست قیادت کا متبادل چاہتی ہے ۔ لیکن اس انقلابی تبدیلی کیلئے عزم و حوصلہ کی ضرورت ہے ۔ اس مقصد کے تحت مسٹر خواجہ معین الدین کو پارٹی نے لوک سبھا حلقہ حیدرآباد سے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولیس ڈپارٹمنٹ میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں یہاں کے قابل رحم حالات کا بخوبی اندازہ ہے ۔ سرکاری ملازمت کے دوران وہ خود کو بے بس محسوس کرتے تھے چنانچہ عوامی خدمت اور سماجی بھلائی کے کاز کی خاطر انہوں نے سرکاری ملازمت چھوڑ دی اور اب وہ عوامی حقوق کیلئے خود کو وقف کرچکے ہیں ۔ انہوں نے پرانے شہر کے عوام بالخصوص خواتین سے اپیل کی کہ وہ تبدیلی کیلئے ووٹ دیں ۔۔