لوک سبھا انتخابات کیلئے ہندوستانی نژاد امریکیوں کی تیاریاں

واشنگٹن۔ 23؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ تازہ ترین اطلاعاتی ٹکنالوجی کے انقلاب سے استفادہ کرتے ہوئے ہندوستانی نژاد امریکیوں کی عدیم المثال تعداد آئندہ لوک سبھا انتخابات میں سرگرم شرکت کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ چند ہندوستانی نژاد امریکی پہلے ہی مختلف سیاسی پارٹیوں کے لئے لوک سبھا کا ٹکٹ اپنے امیدوار کو دلوانے کے لئے مہم کا آغاز کرچکے ہیں۔ ان پارٹیوں میں بی جے پی، کانگریس اور عام آدمی پارٹی تینوں شامل ہیں۔ چند ہندوستانی نژاد امریکی ابتدائی ردعمل کے طور پر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے پُرجوش حامی ہیں۔ دونوں سیاسی پارٹیوں کی امریکی شاخیں کئی رضاکاروں کی جانب سے پہلے ہی قائم کی جاچکی ہیں۔ سینکڑوں ہندوستانی نژاد امریکی انتخابات کے دوران ہندوستان کا سفر کرنے کے منصوبے بنارہے ہیں۔ بی جے پی اور کانگریس کے ہزاروں حامی اپنے دوستوں اور رشتہ داروں سے ہندوستان میں ٹیلی فون پر ربط پیدا کرکے اپنے پسندیدہ امیدواروں کی تائید کی اپیل کررہے ہیں۔

پارٹی کے دائرے میں وسعت پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بی جے پی کے دوست امریکہ اور عام آدمی پارٹی کے دوست امریکہ نامی دو تنظیمیں گزشتہ ایک ماہ سے امریکہ میں سرگرم ہیں۔ سلسلہ وار پیغامات گوگل پر شائع کئے جارہے ہیں جن میں ان کے اعلیٰ سطحی قائدین امریکہ میں ان کی پارٹی کے دائرۂ اثر میں اضافہ کرنے انتخابات کے لئے چندے دینے اور فون پر انتخابی مہم کا آغاز کرنے کی اپیل کررہے ہیں۔ صدر بی جے پی کے دوست امریکہ چندرکانت پٹیل نے کہا کہ یہ تاریخی انتخابات ہیں، ہم ہندوستانی نژاد امریکیوں کو عام انتخابات میں سرگرم کردار ادا کرنا چاہئے۔ عام آدمی پارٹی امریکہ کے قائد پران کروپ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی این آر آئیز کے ساتھ گوگل پر وقفہ وقفہ سے ربط پیدا کررہی ہے۔ درحقیقت اس کی مہم ویب سائیٹ پر ہندوستانی برادری کے لئے وقف کردی گئی ہے۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں کامیابی سے حوصلہ پاکر عام آدمی پارٹی کے حامی لوک سبھا انتخابی حلقوں میں اسی قسم کی انتخابی مہم کے منصوبے بنارہے ہیں۔ دنیا بھر میں کئی رضاکار بشمول امریکہ کے کئی شہروں کے رضاکار متحد ہوکر عام آدمی پارٹی کے نظریہ سوراج کی اشاعت میں مصروف ہیں۔