لوک سبھا انتخابات سے قبل اپوزیشن اتحاد کو دھکہ

مدھیہ پردیش اور راجستھان میں کانگریس سے مفاہمت سے مایاوتی کا انکار

نئی دہلی ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا کے آئندہ سال ہونے والے انتخابات سے قبل اپوزیشن اتحاد کو ایک زبردست دھکہ دیتے ہوئے بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے آج اعلان کیا کہ راجستھان اور مدھیہ پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی اپنے طور پر تنہا یا پھر علاقائی جماعتوں کے ساتھ مفاہمت کرے گی لیکن کانگریس کے ساتھ مفاہمت نہیں کی جائے گی۔ مایاوتی نے کانگریس پر بی ایس پی کو ختم کرنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی اور قدیم جماعت (کانگریس)، بی جے پی کی بیدخلی سے کہیں زیادہ ان کی پارٹی (بی ایس پی) کو تباہ کرنے سے دلچسپی رکھتی ہے۔ مایاوتی نے اپنے ایک بیان مںی کہا کہ ’’کرناٹک میں ہم نے علاقائی جماعت سے مفاہمت کی تھی۔ چھتیس گڑھ میں بھی ہم نے ایسا ہی کیا۔ مدھیہ پردیش اور راجستھان میں اب ہم تنہا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کئے ہیں۔ ہم علاقائی جماعتوں سے مفاہمت کرسکتے ہیں لیکن کانگریس کے ساتھ یقینا کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی‘‘۔ مایاوتی قبل ازیں اعلان کی تھیں کہ چھتیس گڑھ میں اجیت جوگی کی پارٹی کے ساتھ مفاہمت کی جائے گی۔