لونگ خون میں شوگر کی سطح مستحکم رکھنے میں معاون

نئی دہلی 7نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کھانسی نزلے اور پیٹ کی خرابی میں عام طور پر موثر سمجھی جانیوالی لونگ خون میں شوگر کی سطح کو مستحکم رکھنے میں بھی معاونت کرتی ہے ۔ روزنامہ ڈان میں صحت کے حوالے سے شائع ایک اطلاع کے مطابق بلڈ شوگر کی سطح کو کنڑول میںرکھنے والا ہارمون انسولین جب اس بات کا اندازہ نہیں لگا پاتا کہ جسم کو کتنی شوگر کی ضرورت ہے اور کتنی غیر ضروری ہے تو اچھا خاصہ انسان مریض بن جاتا ہے ۔ ایسے میں لونگ کا تیل کافی مفید ثابت ہوتا ہے ۔ اس سلسلے میں اخبار نے لونگ کی ایک خاص چائے کی ترکیب بتائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چائے کے ایک چمچے کے برابر لونگ گرائنڈ کرلیں۔اس کے بعد اس کے پاؤڈر کو ایک کپ پانی میں 8 سے 10 منت تک ابال لیں۔جیسے ہی یہ ابلنے لگے تو آدھا چمچہ چائے کا پاؤڈر ڈال کر اسے چند منٹ اور پکنے دیں۔بعدازاں چھان کر ٹھنڈا کرلیں اور اس چائے کو پی جائیں۔ کھانے میں ایک الگ ذائقہ لانے والی لونگ تقریباً ہر قسم کے پکوان میں استعمال ہوتی ہے ۔ہر مصالحے کا سب سے اہم جز لونگ کو ہی سمجھا جاتا ہے ۔ بہر یہ نسخہ علاج کا نسخہ نہیں ۔ذیابیطس کے مریض اپنے معالج سے علاج ضرور کراتے رہیں۔

لونگ کا استعمال سردیوں میں بڑھ جاتا ہے کیوں کہ یہ کھانسی نزلے اور پیٹ کی خرابی میں بھی مددگار ہے۔ یہ صرف دانتوں کے درد سے نجات کے لیے ہی موثر نہیں، معدے میں تیزابیت سے چھٹکارے میں بھی مدد دیتی ہے ۔ معدے میں تیزابیت کی صورت میں لونگ اور الائچی کی یکساں مقدار کو کچل کر کھائیں تو تیزابیت کے ساتھ ساتھ گیس سے بھی نجات ملنے لگتی ہے ۔یہ نسخہ سانس کی بو سے بھی نجات دلانے میں مدد دیتا ہے ۔