لندن کی فائیو اسٹار ہوٹل میں گیس دھماکہ ‘ 14 زخمی

لندن 22 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وسطی لندن کی ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں پیش آئے مشتبہ گیس دھماکہ میں کم از کم 14 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ بتایا گیا کہ پورٹمن اسکوائر کے قریب چرچل حیات ریجنسی لندن میں کل رات دیر گئے یہ دھماکہ ہوا ۔ اس ہوٹل میں جسے خالی کرا دیا گیا، زائد از 400 گیسٹ رومس ہیں۔ ترجمان اسکاٹ لینڈ یارڈ نے کہا کہ رات تقریباً 11.40 بجے ہمیں پورٹمن اسکوائر کے قریب ہوٹل میںمشتبہ گیس دھماکہ کی اطلاع ملی۔ انہوں نے کہا کہ معمولی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے جنہیں علاج کیلئے دواخانوں سے رجوع کردیا گیا ہے ۔ لندن فائر بریگیڈ نے کہا کہ دھماکہ ہوٹل کی نچلی منزل میں ہوا جس سے عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا ۔ ایک ترجمان نے کہا کہ سمجھا جاتا ہے کہ یہ دھماکہ گیس پجرنے کی وجہ سے ہوا ہے ۔ بیسمنٹ میں ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے تعمیرات کے ماہرین کو طلب کرلیا گیا ہے۔ اور پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔