حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : آر ٹی سی بسوں میں عنقریب کنڈکٹرس غائب رہیں گے اور مسافرین اپنی ٹکٹ ’ سوائپ مشن ‘ کے ذریعہ حاصل کریں گے اور اس کے لیے 4 اسمارٹ کارڈ سوائپنگ مشین نصب کردئیے جائیں گے ۔ بس کے سامنے کے دروازے اور پیچھے کے دروازے پر 2 ، 2 مشینیں نصب کردئیے جائیں گے جس کے ذریعہ عوام اپنی ٹکٹ حاصل کرسکیں گے ۔ اس منصوبے پر ابتدائی امور انجام دئیے جارہے ہیں اور عنقریب پہلے مرحلے میں اسطریقہ کار کو میٹرو بسیں اور ایم ایم ٹی ایس میں استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے بعد اس میں توسیع کی جائے گی ۔ حکام کے بموجب جی ایچ ایم سی کے حدود میں تمام آر ٹی سی بسوں میں کنڈکٹرس کے مقام پر اگلے اور پچھلے داخلوں پر 2 ، 2 اسمارٹ کارڈ مشینیں نصب کردئیے جائیں گے ۔ بسوں میں اسمارٹ کارڈس کو متعارف کرنے کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہے کہ میٹرو ریل کے ساتھ ٹیکسی خدمات اولا اور اوبیر کو مربوط کردیا گیا ہے اور ان ٹیکسیوں میں بھی اسمارٹ کارڈ کی سہولیات دستیاب ہیں ۔ حالیہ دنوں میں جی ایچ ایم سی ، اولا ، اوبیر اور دیگر فریقین کے درمیان ایک اجلاس بھی منعقد ہوا تھا جس میں بسوں میں اسمارٹ کارڈس پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ کنڈکٹرس کے بغیر بسوں کا نظام مصر یا لندن کے طرز پر متعارف کیا جانے کا امکان ہے کیوں کہ ان مقامات کا نظام کئی عرصے سے عوام کیلئے دستیاب ہے جو کہ موثر بھی ہے ۔۔