لندن میں کمسن پناہ گزین پر حملہ، 9 افرادگرفتار

لندن، 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی لندن میں 20 حملہ آوروں کے گروپ کے ذریعہ ایک کمسن پناہ گزیں پر بے دردی سے حملہ کرنے کے الزا م میں پولس نے 9 افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ برطانوی پولس نے آج بتایا کہ ایک کمسن پناہ گزیں پر وحشیانہ حملہ کرنے والے 9 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ یہ حملہ جنوبی لندن میں 20 حملہ آوروں کے گروپ نے کیا تھا۔ تفتیش کاروں نے اس حملے کو نفرت کا جرم قرار دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس حملے میں ایک 17 سالہ کرد نژاد ایرانی لڑکے کو شدید چوٹیں آئي ہیں۔ یہ حملہ جمعہ کی شب کو ایک بس اسٹینڈ پر کیا گیا تھا۔انسپکٹر گیرے کیشل نے بتایا کہ ایسا سمجھا جاتا ہے کہ مشتبہ حملہ آوروں نے متاثرہ کمسن لڑکے سے پوچھا کہ وہ کہاں کا باشندہ ہے اور جب انہیں معلوم ہوگیا کہ وہ پناہ گزیں ہے تو اس پر وحشیانہ حملہ کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ زخمی نوجوان فی الحال ہاسپٹل میں زیر علاج ہے ۔ اس کی حالت نازک مگر مستحکم ہے ۔ دریں اثناء، لندن کے میئر صادق خان نے کہا ہے کہ حملہ آوروں کو ہرحال میں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔