لندن۔6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فلمی صنعت کے ’’ہرفن مولا‘‘ تصور کئے جانے والے خوبرو اداکار ششی کپور کا 4 ڈسمبر کو انتقال ہوگیا تھا وہ ایک ایسے ہیرو تھے جنہوں نے اس زمانے میں انگریزی فلموں میں ادا کاری کی جب آج ہالی ووڈ میں کام کرنے کا ڈھنڈورا پیٹنے والی اداکارائیں پرینکا چوپڑہ اور دیپکا پڈوکون پیدا بھی نہیں ہوئی تھیں۔ برطانوی تھیٹر سے بھی ان کا تعلق تھا۔ ان کی بیوی جنیفر کا تعلق لندن سے تھا۔ ہیٹ اینڈ ڈسٹ، شیکسپیئر والا اور خصوصی طور پر مرحوم اسمٰعیل مرچنٹ کی انگریزی فلموں کے لیے ششی کپور ہمیشہ پہلی پسند رہے۔ لندن میں تھیٹر کی شخصیات نے آج آنجہانی ششی کپور کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ وہ جب بھی لندن آتے کوئی نہ کوئی ڈرامہ ضرور دیکھتے۔ ممبئی کے جوہو میں پرتھوی تھیٹرز پہنچ کر ششی کپور ہمیشہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے۔ تھیٹر کی اگلی نشستوں کی قطار میں ان کے لیے ایک نشست مخصوص ہوا کرتی تھی جس پر بیٹھ کر ششی کپور ڈراموں سے لطف اندروز ہوا کرتے تھے۔ جنیفر کینڈل کی فلم 36 چورنگی لین کو بھلا کون فراموش کرسکتا ہے جس میں ہر اداکار اپنے فن کے عروج پر نظر آیا۔