لندن۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) لندن کے جنوبی مضافاتی علاقہ کرائیڈون میں چہارشنبہ کے روز ایک نئی روایت شروع کی گئی جو دراصل شہر میں دیوالی تقریبات منانے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ غیرمنفعت بخش تنظیم کرائیڈون بنگالی کنکشن نے دیوالی کے موقع پر کالی پوجا کا اہتمام کیا ہے جہاں توقع ہے ہندوستان سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں عقیدت مند شرکت کریں گے جبکہ مقامی سیاست دانوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ دیوالی ہندوؤں کا اہم ترین تہوار ہے اور جاریہ سال اتفاق سے یہ سالانہ کالی پوجا کے موقع پر آیا ہے اور ایسا پہلی بار ہورہا ہے کہ روشنیوں کے تہوار دیوالی اور کالی پوجا کا اہتمام ایک ساتھ کیا جارہا ہے۔ سی بی سی نے اس موقع پر مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کالی پوجا کا اہتمام دراصل برٹش۔ انڈین ثقافت کو فروغ دینے کیلئے کیا جاتا ہے۔ 2010ء میں قائم کئے گئے کرائیڈون بنگالی کنکشن بنگالی ثقافت کو فروغ دینے ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے اور اس طرح لندن کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بنگالیوں کو اس کا حصہ بنایا جاتا ہے۔