لندن۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے لندن میں واقع سفارت خانہ کے ایک بیان کے مطابق کہ ویسٹ منسٹر میں ہوئے حملہ کا مرتکب تین بار سعودی عرب آچکا ہے جہاں وہ انگریزی زبان کا ٹیچر تھا۔ سفارت خانے کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کل بتایا گیا کہ حملہ آور خالد مسعود نومبر 2005ء تا نومبر 2006ء اور اس کے بعد اپریل 2008ء سے اپریل 2009ء تک سعودی عرب میں انگریزی زبان سکھایا کرتا تھا۔ بیان کے مطابق اس کے پاس ورک ویزا تھا جس کے مطابق وہ مارچ 2015ء میں صرف 6 دنوں کیلئے واپس چلا گیا تھا۔ سعودی سکیورٹی سرویس نے کبھی اس کا تعاقب کرنے کی کوشش نہیں کی کیونکہ اس کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ مسعود نام رکھنے سے قبل وہ اینڈرین ایمس کے نام سے جانا جاتا تھا۔ لندن میں اسے ایک غصیلے اور فوجداری معاملات میں جیل کاٹے ہوئے شخص کے طور پر جانا جاتا تھا۔ ویسٹ منسٹر پل پر اس نے اپنی گاڑی راہگیروں پر چڑھا دی تھی اور اس کے بعد ایک پولیس اہلکار کو چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا تھا۔ بالآخر خالد مسعود کو پولیس نے گولی مارکر ہلاک کردیا تھا۔