لندن ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) لندن کے اسکول آف اکنامکس میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی یادگار اشیاء اور جنوبی ایشیا کی نایاب دستاویزات نمائش کیلئے پیش کی گئیں۔ قیامِ پاکستان کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ’سٹیزن شپ اینڈ لاء پاکستان ایٹ 70 کے عنوان سے نمائش کا انعقاد ساؤتھ ایشین سینٹر نے کورٹ آلڈ انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اور سپریم کورٹ آف لندن کے تعاون سے کیا۔ نمائش میں رکھے گئے نوادرات اور دیگر اشیاء کی نگرانی مشترکہ طور پر لندن اسکول آف اکنامکس کے ڈاکٹر نلنجن سرکار اور کورٹ آلڈ کے ڈاکٹر شارلوٹ ڈی ملے نے کیں۔ اس نمائش کے ذریعے پاکستان میں شہریت کے سیاسی خیالات پر روشنی ڈالی گئی اور 70 سالوں کے دوران آمریت کے باوجود پاکستان کے جمہوری نظام اور گورننس کو جاری رکھنے کے جذبے کو سراہا گیا۔ نمائش میں پاکستانی شہریوں کے سیاسی شعور کو اجاگر کرنے والی اشیاء کے علاوہ آئین پاکستان کو بھی نمایاں طریقے سے پیش کیا گیا۔ نمائش میں قائد اعظم اور 70 سالہ تاریخ میں پاکستان میں پیش آنے والے اہم واقعات سے متعلق دستاویزات بھی رکھی گئی تھیں۔ یاد رہیکہ حال ہی میں محمد علی جناح کی 98 سالہ بیٹی دیناواڈیا کا نیویارک میں انتقال ہوگیا تھا۔