نئی دہلی 25 جون (سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج چیف منسٹر راجستھان وسندھراراجے اور وزیر خارجہ سشما سوراج کی للت مودی کو مدد کے بارے میں اٹل موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مرکزی وزیر استعفی نہیں دے گا۔ دریں اثناء وسندھرا راجے کے دفتر سے جئے پور میں دو بیانات جاری کئے گئے جن میں ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا گیا کہ بی جے پی ارکان اسمبلی کے ایک اجلاس میں پارٹی قیادت پر دباو ڈالا گیا کہ وسندھرا راجے کے خلاف کوئی اقدام نہ کیا جائے بصورت دیگر پارٹی میں پھوٹ پڑنے کا اندیشہ ہے ۔ وسندھرا نے اُن سے استعفی طلب کرنے کی خبر کو بھی بکواس قراردیا ۔