لشکر طیبہ کے بم ساز عبدالکریم تونڈا دو مقدمات میں بری

نئی دہلی۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لشکر طیبہ کے بم سازی کے ماہر عبدالکریم تونڈا کو دہلی عدالت کی جانب سے 1994ء ٹاڈا مقدمہ میں بری کئے جانے کے ایک ماہ بعد دہلی سیشن کورٹ نے آج مزید دو مقدمات میں انہیں بری کردیا۔ 73 سالہ عبدالکریم تونڈا 28 اکتوبر 1997ء کو دہلی کے قرول باغ علاقہ میں ہوئے بم دھماکے اور یکم اکتوبر 1997ء کو صدر بازار میں دو دھماکوں سے متعلق مقدمات میں قانونی چارہ جوئی کا سامنا کررہے تھے۔ قرول باغ مقدمہ میں تونڈا کو تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت بری کیا گیا ہے جبکہ صدر بازار دھماکہ مقدمہ میں اقدام قتل اور مجرمانہ سازش کے الزام سے انہیں بری کردیا گیا۔ مباحث کے دوران تونڈا کے وکیل نے کہا کہ اس مقدمہ میں دو معاون ملزمین کو بری کیا جاچکا ہے چنانچہ ان کے موکل کے خلاف بھی یہ الزامات بالکلیہ غیردرست ہیں۔