نئی دہلی ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہشت گرد تنظیم لشکرطیبہ کے دو مشتبہ کارکن جنہیں مبینہ طو رپر دہلی میں دہشت گرد حملے کرنے کی سازش کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، آج ایک عدالت کی جانب سے پولیس تحویل میں دے دیئے گئے۔ عدالت نے 28 سالہ رشید کو 7 دن اور 28 سالہ شاہد کو 4 دن کیلئے دہلی پولیس کے خصوصی شعبہ کی تحویل میں دیدیا تاکہ وہ مزید تفتیش کرسکے۔ خصوصی شعبہ نے ایڈیشنل سیشن جج دیاپرکاش سے کہا کہ ضمیرالاسلام جس پر سازش کا شبہ ہے ، خودسپردگی کرچکا ہے اور پولیس کو بشیر اور شاہد سے اس سلسلہ میں تفتیش کرنا ضروری ہے۔
عبدالکریم ٹنڈا نے درخواست ضمانت واپس لے لی
نئی دہلی ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لشکرطیبہ کے بم سازی کے ماہر عبدالکریم ٹنڈا جو ہندوستان کو پاکستان سے 20 مطلوب دہشت گردوں میں سے ایک ہے، آج دہلی کی ایک عدالت کے اجلاس پر پیش کردہ اپنی درخواست ضمانت سے دستبردار ہوگیا۔ 72 سالہ ٹنڈا مختلف دہشت گرد حملوں کے مقدمات کے سلسلہ میں عدالتی تحویل میں ہے۔ اس نے چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ امیت بنسل کی جانب سے اس کے مقدمہ کی سیشن کی عدالت کو منتقلی کے بعد ضمانت پر رہائی کی اپنی درخواست سے دستبرداری اختیار کرلی۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈا کے خلاف مستحکم ثبو ت دیگر تحقیقاتی محکمہ جمع کررہے ہیں۔