لداخ کی صورتحال سے وزیر اعظم کو واقف کروایا جائیگا

نئی دہلی 23 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی کو امکان ہے کہ لداخ میں لائین آف کنٹرول کی صورتحال سے واقف کروایا جائیگا جہاں چینی افواج گذشتہ دس دن قبل در آئی ہیں۔ فوج اور دوسرے اعلی سکیوریٹی عہدیدار امکان ہے کہ وزیر اعظم کو ‘ ان کی امریکہ روانگی سے قبل لداخ میں چومر سیکٹر کی صورتحال سے واقف کروائیں گے ۔ سرکاری ذرائع کا ہنا ہے کہ دفتر وزیر اعظم کو یومیہ اساس پر تازہ ترین صورتحال سے واقف کروایا جا رہا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل ملٹری آپریشنس کی جانب سے دفتر وزیر اعظم اور وزارت دفاع کو چومر سیکٹر میں پیش آرہے واقعات سے مسلسل واقف کروایا جا رہا ہے ۔ چینی فوج نے اس علاقہ میں اپنے ٹینٹس نصب کردئے ہیں اور ان کے ہیلی کاپٹرس فوجیوں کیلئے غذائی پیاکٹس فراہم کر رہے ہیں ۔ حالیہ عرصہ میں یہاں چین کی دراندازی میں اضافہ ہوگیا ہے ۔