لب سڑک ٹھیلہ بنڈیوں پر تلن کی غذائیں کینسر کا سبب

حیدرآباد ۔ 23 جون (سیاست نیوز) سڑک کے کنارے بنڈیوں پر پانی پوری، سموسے، پوری اور اس طرح کی چٹ پٹی غذاؤں کے شوقین افراد کیلئے بری خبر ہے کہ یہ غذائیں نہ صرف صحت کے سنگین مسائل کی وجہ بن سکتے ہیں بلکہ ان غذاؤں سے کینسر کا بھی خطرہ ہے۔ ماہرین نے ان غذاؤں کو صحت کیلئے انتہائی مضر قرار دیا کیونکہ ان غذاؤں کی تیاری کیلئے استعمال کیا جانے والا تیل انتہائی سستا اور خراب ہوتا ہے جبکہ ایک ہی تیل کو متعدد مرتبہ تلن کیلئے استعمال کیا جانا بھی تیل کو ناقص کردیتا ہے جوکہ صحت کیلئے خطرناک ہوجاتا ہے۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف نیوٹریشن (این آئی این) کے سینئر ڈپٹی ڈائرکٹر لکشمیا نے کہا کہ لب سڑک جو تلن کے لئے تیل استعمال ہوتا ہے وہ سستے داموں میں دستیاب ہونے والے ڈالڈا، ونسپتی اور دیگر ترکاریوں کا تیل ہوتا ہے اور اس تیل میں بار بار غذاؤں کو تلنے سے یہ صحت کیلئے انتہائی مضر ہوجاتی ہیں۔ اسی طرح بیکرون میں تیار ہونے والی غذائی اشیاء کیلئے جو تیل استعمال ہوتا ہے اس میں ’’فیاٹی ایسڈ‘‘ موجود ہوتا ہے جوکہ دل کی شریانوں کو بند کرنے میں اپنا رول ادا کرتا ہے جس سے ہارٹ اٹیک کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ ماہر تغذیہ سجاتا جوزف (نام تبدیل) نے کہا کہ لب سڑک بنڈیوں پر تلن کی جو غذائیں استعمال کی جاتی ہیں ان میں غیرمعیاری اور سستا تیل استعمال ہونے کے علاوہ سڑکوں پر دھول اور دھوئیں کے ساتھ کئی جان لیوا بیکٹیریا و جراثیم بھی ان غذاؤں سے لپٹ جاتے ہیں جس سے پیٹ کے امراض سے پریشان ہوجانا آج کوئی نئی بات نہیں دکھائی دے رہی ہے۔