کابل 18 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) لب سڑک ایک بم دھماکہ سے افغان فوج کی ایک گاڑی شمال مشرقی افغانستان میں تباہ ہوگئی اور چھ فوجی ہلاک ہوگئے ۔ وزارت دفاع نے کہا کہ یہ فوجی اپنی چوکی کو واپس ہورہے تھے۔ انہوں نے صوبہ کپیسا کے ضلع الاسے میں عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کی لگائی ہوئی آگ بجھائی تھی بدقسمتی سے یہ گاڑی لب سڑک نصب بم سے ٹکراگئی جس سے چھ فوجی ہلاک ہوگئے ۔ وزارت دفاع کے نائب ترجمان جنرل دولت وزیری نے کہا کہ پانچ عسکریت پسندبشمول ان کا گروپ لیڈر آگ بجھانے کے دوران ہلاک ہوگئے تھے ۔ اس حملہ کی ذمہ داری کسی بھی شخص نے قبول نہیں کی ہے لیکن لب سڑک نصب بموں سے حملے افغان طالبان کا طریقہ جنگ ہے ۔ افغان شورش پسند گذشتہ 12 سال سے امریکی حمایت یافتہ مرکزی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ طالبان کے خلاگ جنگ میں افغان افواج کے ادا کردہ کردار میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
آسٹریلیا اور پاکستان کی بحریہ کی عمان کے ساحل پر بڑی جنگی مشقیں ،گانجہ کی تلاش
سڈنی 18 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیا اور پاکستان کے بحری جہازوں نے تقریبا 2 ٹن گانجہ ضبط کرلیا جبکہ عمان کے ساحل کے قریب دونوں ممالک کے بحری عہدیداروں نے مشترکہ جنگی مشقیں کی۔ دونوں ممالک کے بحریہ نے اس ضبطی کو انتہا پسند گروپس کیلئے ایک زبردست دھکہ اور اپنی بحریہ کی ایک شاندار کامیابی قرار دیا ہے ۔ ایچ ایم اے ایس ملبورن اور پاکستان کے پی این ایس عالم گیر نے مشترکہ مشقوں کے دوران ایک کشتی کو عمان کے ساحل کے قریب مشرقی سمت میں واقع مصریہ جزیرے میں روکا اور کشتی کی تلاشی لینے پر انہیں 1951 کیلو گرام گانجہ دستیاب ہوا جو ایک خفیہ خانہ میں چھپایا گیا تھا اور اس خانہ کے اوپر شکار کی ہوئی مچھلیوں کا ڈھیر لگا ہوا تھا ۔62 تھیلوں میں گانجہ بھرا ہوا تھا ۔ تقریبا چار ہزار اینٹیں تھیں اور ہر اینٹ ایک AK 47 رائفل یا ترقی یافتہ دھماکوں آلہ کی قیمت کے مساوی ہوتی ہے ۔