بیروت۔22 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) لبنان کی ایک مرکزی جیل "رومیہ” میں قیدیوں پر ہولناک تشدد کے انکشاف کے بعد ملک کے سیاسی، مذہبی اور عوامی حلقوں میں شدید غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سیاسی جماعتوں نے قیدیوں پر وحشیانہ تشدد کی تحقیقات اور اس میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر "رومیہ” جیل میں قیدیوں پر تشدد پرمبنی ایک ویڈیو فوٹیج انٹرنیٹ پر پوسٹ کی گئی ہے جس کے بعد جیل میں قیدیوں کے خلاف جاری پر تشدد ہتھکنڈوں کے حوالے سے ملک میں گرما گرم بحث جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں دکھائے گئے مناظر کوئی ایک ماہ قبل اس وقت کے ہیں جب قیدیوں نے "رومیہ” جیل میں بغاوت کردی تھی۔