لبنان میں خودکش دھماکوں میں پانچ افراد ہلاک

بیروت ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) لبنان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ملک کے مشرقی حصے میں ایک گاؤں میں ہوئے خودکش دھماکوں میں کم سے کم پانچ افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق چار خود کش حملہ آوروں نے شام کی سرحد کے قریب واقع عیسائی اکثریتی گاؤں قا میں ایک مکان کے باہر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ ان خودکش حملوں کا ہدف کون تھا اور یہ حملے کس نے کیے۔ عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کے ٹی وی سٹیشن المینار نے ان حملوں کا ذمہ دار شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کو قرار دیا ہے۔ دولتِ اسلامیہ ماضی میں لبنان میں ایسے حملے کر چکی ہے جن میں درجنوں افراد مارے گئے ہیں تاہم اس نے تاحال ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق پہلے خودکش حملہ آور نے مقامی وقت کے مطابق چار بج کر بیس منٹ پر دھماکہ کیا۔ اس کے بعد تین حملہ آوروں نے یکے بعد دیگرے اس وقت دھماکے کیے جب لوگ جائے وقوعہ پر جمع ہو رہے تھے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں چار فوجی بھی شامل ہیں۔ ہمسایہ ملک شام میں جاری کشیدگی بھی لبنان میں سیاسی اور فرقہ وارانہ تقسیم کو ہوا دے رہی ہے۔ شام کے لاکھوں پناہ گزینوں نے لبنان میں پناہ لی ہے جس سے لبنان کی معیشت متاثر ہوئی ہے۔