جنیوا ، 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لبنان میں شامی پناہ گزینوں کی تعداد ایک ملین سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ اقوام متحدہ کی پناہ گزینوں کے امور سے متعلق ایجنسی کی طرف سے لبنان کی صورتحال کے بارے میں متنبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ساڑھے چار ملین کی آبادی پر مشتمل چھوٹی سی عرب مملکت لبنان کیلئے شامی پناہ گزینوں کی اتنی بڑی تعداد ’’تباہی کا پیش خیمہ‘‘ ثابت ہوگی۔ یو این ایچ سی آر نے کہا ہے کہ ایک ملین سے زیادہ شامی پناہ گزین لبنان کے اقتصادی اور سماجی شعبوں پر شدید بوجھ بننے کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی کیلئے بھی بڑا خطرہ بن رہے ہیں۔
امریکہ میں تودے گرنے سے 30 ہلاک
ایوریٹ (امریکہ) ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں تودے گرنے کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 30 ہوگئی ہے اور کئی نعشیں ناقابل شناخت ہوچکی ہیں۔ ان واقعات میں ایک چھوٹی سی واشنگٹن کمیونٹی کا مکمل صفایا ہوگیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کئی نعشوں کی ڈی این اے ٹسٹ کے بعدہی شناخت کی جاسکتی ہے۔ تودے گرنے اور مسلسل بارش کے سبب مکانات اور کاروں کی طرح کئی انسانی اعضاء بھی بہہ گئے۔