لاکی رینسم ویر ، چوکسی کیلئے بی ایس ای کا سائبر سکیورٹی الرٹ

نئی دہلی ۔4 ستمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) سرکردہ حصص ادارہ بمبئی اسٹاک ایکسچینج ( بی ایس ای ) نے اپنی تجارتی برادری کے ارکان اور فہرست میں شامل اداروں کیلئے جاری کردہ مشاورتی نوٹ میں اپنے کمپیوٹر نٹورکس کو ’’لاکی رینسم ویر‘‘ سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ قبل ازیں اس مالویر کے پھیلنے کے بارے میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات میں چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا ۔ لاکی رینسم ویر بالعموم کسی کمپیوٹر یا سرور کے مواد کو ناکارہ بنادیتا ہے اور اس کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے اکثر عملاً کرنسی بٹکوائنس میں رقم ادا کرنے کا مطالبہ کرتا ہے ۔ واناکیری اور پیٹیا رینم ویر واقعات کے بعد اب لاکی رینسم ویر کے بارے میں بی ایس ای کی طرف سے چوکسی کا تازہ ترین مشاورتی نوٹ جاری کیا گیا ہے ۔ نئے مال ویر ’’لاکی رینسم ویر‘‘ کے بارے میں حکومت نے 2 ستمبر کو چوکسی کی ہدایت جاری کی تھی ۔ الیکٹرونکس اور آئی ٹی کے ایڈیشنل سکریٹری اجئے کمار نے ٹوئیٹر پر لکھا تھا کہ ’’لاکی رینسم ویر اسپام پھیلنے کے بارے میں انڈین سرٹ کی طرف سے آج الرٹ جاری کیا گیاہے ‘‘ ۔