لاکھوں طلبا نے وزیر اعظم کی تقریر کی سماعت کی

نئی دہلی 5 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) لاکھوں طلبا نے آج یوم اساتذہ کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کی تقریر کی سماعت کی جس کے تعلق سے غیر معمولی پروپگنڈہ کیا جارہا تھا ۔ بعد ازاں مودی نے ٹی وی ‘ ریڈیو اور انٹرنیٹ کے ذریعہ دارالحکومت دہلی میں تقریبا تین ہزار طلبا کے ساتھ بات چیت کی ۔ طلبا کی کثیر تعداد ایسے خانگی اور سرکاری اسکولس میں جمع ہوئی تھی جہاں وزیر اعظم کی بات چیت اور تقیر کے راست ٹیلی کاسٹ کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ کچھ اسکولس میں اس پروگرام کے ٹیلی کاسٹ کے وقت فنی مسائل بھی پیدا ہوئے تھے ۔ اسکول حکام کی جانب سے اس تقریر کی سماعت اور طلبا کے ساتھ بات چیت کی سماعت کیلئے خاص انتظامات کئے گئے تھے ۔

کئی اسکولس میں ٹی وی سیٹس رکھے گئے ‘ سیٹ ٹاپ باکس کنکشن ‘ پروجیکٹرس ‘ اسکرینس ‘ امپلی فائرس اور جنریٹر سیٹس وغیرہ کا انتظام کیا گیا تھا تاکہ اس تقریر کی کسی رکاوٹ کے بغیر سماعت کو یقینی بنایا جاسکے ۔ یہ پروگرام سہ پہر تین بجے شروع ہوا جب نریندر مودی نے 30 منٹ تک طلبا سے خطاب کیا ۔ اس کے بعد سوال جواب کا سشن رہا ۔ ڈائرکٹوریٹ آف ایجوکیشن حکومت دہلی کی جانب سے تمام خانگی اور سرکاری اسکولس کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ وزیر اعظم کی تقریر کے راست ٹیلی کاسٹ کو یقینی بنانے انتظامات کریں۔ پروگرام کے بعد طلبا کی اکثریت نے اپنے اسکولس سے باہر آتے ہوئے تقریر کی سماعت پر مسرت کا اظہار کیا تاہم کچھ طلبا نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ انہیں وزیر اعظم سے سوالات کرنے کا موقع نہیں مل سکا ۔ جنوبی دہلی کے کچھ اسکولس کے طلبا کو وزیر اعظم کے ساتھ سوال جواب سشن میں شرکت کرنے کا موقع ملا ۔ وزیر اعظم نے طلبا کے کئی سوالات کے جواب دئے ۔