لاپتہ خاتون کوہ پیما کے زندہ رہنے کے امکانات موہوم

کولکتہ۔/23مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) نیپال کی ماؤنٹ کنچن جنگا پر چڑھائی کرنے والی خاتون کوہ پیما چھنڈاگاین تین روز پہلے لاپتہ ہوگئی تھی جس کا آج تک پتہ نہیں چلا جہاں اب یہ اندیشے پیدا ہوگئے ہیں کہ کوہ پیما اب اس دنیا میں نہیں رہی۔دریں اثناء نیپالی قونصل خانہ کے ذرائع نے بتایا کہ موسم اس قدر خراب ہے کہ لاپتہ کوہ پیما کو تلاش کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

منگل کے روز کوہ پیما گاین اور اس کے ساتھ دوشیرپا برفانی طوفان میں گھر گئے تھے۔ اسوقت وہ لوگ 8505 میٹر بلند چوٹی پلونگ کانگ پر چڑھائی کی کوشش کررہے تھے جسے کنچن جنگا ویسٹ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔دوسری طرف دارجلنگ میں واقع ہمالین ماؤنٹینئرنگ انسٹی ٹیوٹ نے بھی اپنے کوہ پیمائی انسٹرکٹر تشار کانتی کو وہاں روانہ کیا ہے تاکہ وہ لاپتہ تینوں اوراد کو ڈھونڈنے میں بچاؤ کاری عملے کی معاونت کریں۔