لاپتہ امریکی ہیلی کاپٹر کا ملبہ تین نعشوں کے ساتھ ملا

کٹھمنڈو 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) زلزلہ سے تباہ شدہ نیپال میں بچاو کاری عملہ نے بالآخر امریکی میرین ہیلی کاپٹر کا ملبہ اور تین جلی ہوئی نعشوں کو ڈھونڈ نکالنے میں کامیابی حاصل کی ۔ ہمالیائی مملکت میں آئے ہلاکت انگیز زلزلے کے بعد امریکی میرین ہیلی کاپٹر امدادی ساز و سامان لے کر نیپال پہنچا تھا لیکن ناسازگار موسم کی وجہ سے لاپتہ ہوگیا تھا ۔ دوسری طرف نیپال میں زلزلے کے تازہ ترین جھٹکوں کے بعد مہلوکین کی تعداد117 ہوگئی ہے ۔ میرین ہیلی کاپٹر UH-1Y Huey جس میں چھ میرنس اور نیپالی افواج کے دو سپاہی سوار تھے ‘ اس وقت لاپتہ ہوگیا تھاجب دوسری بار زلزلہ کے زبردست جھٹکے محسوس کئے گئے تھے ۔ تین دنوں کی مسلسل تلاش کے بعد نیپالی فوج کے ایک ہیلی کاپٹر نے پہاڑی موضع گورتا ہلی کے قریب لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ دیکھا ۔ دوسری طرف معتمد دفاع ایشوری پرساد پاوڈیال نے بھی امریکی ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملنے کی توثیق کی البتہ انہوں نے مہلوکین کی قومیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ۔ نعشوں کو کٹھمنڈو منتقل کیا گیا ہے ۔